سری لنکا،مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں ملوث بدھ مت مذہبی رہنما گرفتار

سری لنکا،مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں ملوث بدھ مت مذہبی رہنما ...

کولمبو (اے پی پی)سری لنکا میں پولیس نے مبینہ طور پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں ملوث ایک بدھ مت مذہبی رہنما کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار کیے جانے والے 32 سالہ شخص کا تعلق سخت گیر بدھ تنظیم ’بودو بالا سینا‘ سے ہے۔ان پر مسلمانوں کے خلاف حملے اور آتش زنی کرنے جیسے متعدد الزامات ہیں جس سے ملک میں مذہبی منافرت اور کشیدگی میں اضافہ ہوا۔پیر کو پولیس کے ترجمان پریاناتھا جے کوڈی کا کہنا ہے کہ گذشتہ اپریل سے مسلمانوں کے مکانات، ان کے کاروبار، مساجد اور قبرستانوں میں آگ زنی کے اب تک کے 16 واقعات سے متعلق تفتیش کا عمل جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار بدھ مت مذہبی رہنما کا کولمبو کے مضافات میں ہونے والی آتشزدگی سے براہ راست تعلق ہے۔ سری لنکا میں مسلم اقلیتوں کو پٹرول بموں سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور پولیس پر اس سلسلے میں بود بالا سینا تنظیم کے فرار ہونے والے سرغنہ گلاگودتی گنناساران کو نہ پکڑنے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے وہ گنناسارن کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔ گنن سارن سخت گیر بدھ مذہبی رہنما ہیں جو گذشتہ مئی سے اس وقت سے لاپتہ ہیں جب سے پولیس نے انھیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

مزید : عالمی منظر