نواز شریف کو پاکستان کی خدمت کرنے کی سزا دی جارہی ہے ،کیپٹن صفدر
اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان کی خدمت کرنے کی سزا دی جارہی ہے ٗ وزیر اعظم سرخرو ہوکر نکلیں گے‘ 2018ء کے انتخابات میں بھی کامیابی نواز شریف کی ہوگی ٗ قوم کو ایسے ہی عوام دوست بجٹ دیتے رہیں گے‘ اپوزیشن کے پاس بجٹ پر بات کرنے کیلئے الفاظ ہی نہیں ہیں پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ایک گدی نشین بھی ہیں وہ جس انداز میں بات کرتے ہیں صاحب کرامت لوگوں پر انگلیاں اٹھنا شروع ہوجاتی ہیں۔ انہیں یہاں بیٹھ کر وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران طارق فاطمی وفد میں نظر آیا لیکن جب انہوں نے وضاحت کی کہ وہ کراچی میں تھے تب سے میں ان کی کرامت نہیں مانتا۔ اس قوم کو قائداعظم کے بعد نواز شریف جیسا رہنما ملا۔ پانامہ سازش کیس کے نام پر ان کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خورشید شاہ اور ان کے ساتھی ذوالفقار علی بھٹو کے حق میں تقریریں کرتے تو ان کو پھانسی نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے والد کو محمد نواز شریف نے ہی گورنر پنجاب بنایا تھا۔ نواز شریف کو موٹروے بنانے‘ سی پیک منصوبے سمیت قوم کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے بعد بھی عوام دوست بجٹ پیش کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں یہود و ہنود کا ایجنڈا نہیں چلے گا۔اس ملک کی نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی عمران خان کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کیپٹن صفدر