عمران کو ملک کا امن و امان برباد کرنے کی اجازت نہیں دینگے: رانا ثناء اللہ

عمران کو ملک کا امن و امان برباد کرنے کی اجازت نہیں دینگے: رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (اے این این )صو بائی وزیر قانون و بلدیات پنجاب رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان کا سپریم کورٹ اور اس کی بنائی گئی جے آئی ٹی کو دباؤ میں لانے کا خواب پورا نہیں ہو نے دینگے اور نہ ہی انہیں ملک میں امن وامان کو تہہ و بالا کرنے کی اجازت دینگے‘ مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئین اور قانون کی رٹ قائم کرنے کے لئے آخری حد تک جائے گی‘ان خیالات کا اظہار انہوں فیصل آباد میں ایک افطار پارٹی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا رانا ثناء اللہ خاں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ نواز شریف خود کرینگے تا حال ان کے صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز جے آئی ٹی کے بلوانے پر پیش ہو رہے ہیں ان کی پیشی پر انہیں چھ سے دس گھنٹے بیٹھائے رکھنے کا مطلب ہے انہیں پریشان کرنا ‘ اس کے باوجود شریف فیملی قانون کی پاسداری کے لئے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر سوالات کا جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا حالیہ بیان کہ اگر حکومت نے سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی تو وہ اپنے کارکنوں کے ہمراہ اینٹ کا جواب پتھر سے دے گی ان کے اس بیان کا مطلب ہے کہ وہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کی آڑ میں ملک کا نظام خراب کر سکتے ہیں‘ یہ ان کی بھول ہو گی‘ حکومت ملک کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہے۔ عمران خان ایسا بیان دے کر کہ وہ سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہونگے خود پارٹی بننے کی کوشش کر رہے ہیں ان کا حالیہ بیان قابل مذمت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان ہو یا کوئی اور ملک کا امن خراب کرنے والوں کے ساتھ حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی ‘ عمران خان قوم کو نئے پاکستان بنانے کا وعدہ کرکے دھوکہ مت دیں وہ کے پی کے کو نیا صو بہ بنانہیں سکے پاکستان کو کس منہ سے نیا بنائیں گے ۔

رانا ثناء اللہ

مزید : صفحہ آخر