سی پیک منصوبوں پر کام کرنیوالے ورکرز کی سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرینگے ،احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے ورکرز کی سیکیورٹی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا۔پیر کو پلاننگ کمیشن میں سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ سال 2017سی پیک کے لئے انتہائی اہم ہے، کئی منصوبے اس سال مکمل ہورہے ہیں،ساہیوال کول پاور پلانٹ مکمل ہوگیا ہے، اس منصوبے سے 1330 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے ،ساہیوال کول پاور پلانٹ و بجلی کے دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کی مدد سے لوڈشیڈنگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سی پیک کے تحت شاہراہوں کے منصوبوں پر تسلی بخش انداز میں کام جاری ہے،ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،سی پیک کے تحت ریلوے اپ گریڈیشن کا منصوبہ ملک میں جدید سفری سہولیات کو فروغ دے گا، ملک کی بڑی انجینئرنگ یونیورسٹییاں ریل کے اس منصوبے سے استفادے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ اساتذہ، ریسرچر زاور طلبہ ریلوے کے اس بڑے منصوبے سے علم و تجربے کا حصول ممکن بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن جامعات کیساتھ مل کر فوری طور پر ٹرانسپورٹ انجینئرنگ کے شعبے میں ڈگری پروگرامزمتعارف کرائیں،چینی یونیورسٹیوں کیساتھ الحاق کرکے ٹرانسپورٹ انجینئرنگ کے شعبے میں جدت کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
احسن اقبال