برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے نئی کابینہ کا اعلان کر دیا

برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے نئی کابینہ کا اعلان کر دیا

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)برطانیہ کی وزیرِاعظم تھریسا مے نے اپنی نئی کابینہ کا اعلان کردیا جس میں انہوں نے اپنی موجودہ حکومت میں اہم وزارتوں پر تعینات وزرا میں سے بیشتر کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھا ہے۔تھریسا مے نے نئی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا انہوں نے نئی حکومت کیلئے "کنزرویٹو پارٹی کے کونے کونے سے" باصلاحیت افرادکو جمع کیا ہے۔نئی کابینہ میں بورس جانسن وزیرِ خارجہ اور ڈیوڈ ڈیوس 'بریگزٹ' کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔کنزرویٹو پارٹی کے یہ دونوں رہنما برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے سرگرم حمایتی ہیں۔گزشتہ سال تھریسا مے کے وزیرِاعظم بننے کے بعد ان کی جگہ وزارتِ داخلہ سنبھالنے والی امبر رڈ او ر وزیرِ دفاع مائیکل فیلن بھی نئی حکومت میں اپنے اپنے عہدوں پر فرائض انجام دیتے رہیں گے جبکہ سابق وزیر پینشن اور ورک ڈیمین گر ین کو فرسٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ نامزد کیا گیاہے۔ برطانوی نظامِ حکومت میں یہ عہدہ نائب وزیرِاعظم کے برابر سمجھا جاتا ہے۔خزانہ کے سینئر وزیر ڈیوڈ گاوکی کو ڈیمین گرین کی جگہ ورکس اور پینشن کی وزارت سونپی گئی ہے جبکہ پارلیمان کے ایوانِ عام میں کنزرویٹوز کے ر ہنما ڈ یوڈ لڈنگٹن کو وزیرِانصاف مقرر کیا گیا ہے۔تجزیہ کاروں نے نئی کابینہ میں مائیکل گوو کی وزیر ماحولیات اور زراعت کے طور پر نامزدگی پر حیر ت کا اظہار کیا ہے جنہیں گزشتہ سال تھریسا مے نے اختلافِ رائے پر کابینہ سے نکال دیا تھا۔صحافیوں سے گفتگو میں ایک سوال پر بر طا نو ی وزیرِاعظم کا کہنا تھا وہ انتخابی مہم کے دوران واضح کرچکی ہیں اگر وہ منتخب ہوگئیں تو وہ پوری مدت کیلئے وزیرِاعظم رہیں گی۔حالیہ انتخابات میں کنزرویٹوز نے 318نشستیں جیتی ہیں جبکہ حریف لیبر پارٹی 262نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

برطانوی کابینہ اعلان

مزید : صفحہ اول