خادم اعلیٰ کی ناقص پالیسیوں نے عوام کو پتھر کے زمانہ میں دھکیل دیا ، حافظ زبیر
لاہور ( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے این اے 120کے ٹکٹ ہولڈر حافظ زبیر کار دار نے کہا ہے کہ اس وقت وزیر اعظم کے حلقے کے عوام صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے انتہائی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ہسپتال بیمار و ں سے بھرے پڑے ہیں نام نہاد خادم اعلیٰ کی ناقص پالیسیوں نے عوام کو پتھر کے زمانہ میں دھکیل دیا ہے بچے بوڑھے خواتین برتن اٹھا کر صبح شام صاف پانی کے لئے دھکے کھا رہے ہوتے ہیں۔عوام آئندہ انتخابات میں پانا ما زدہ جھوٹے دعوے اور وعدے کرنے والے حکمرانوں کو مسترد کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف کے پاس جے آئی ٹی کو جواب دینے کیلئے کچھ نہیں اسی لئے اب ججوں پر لفظی حملے کر رہے ہیں، حکمران جماعت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عدالت عظمیٰ کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے، حسین نواز کی تصویر کو جواز بنا کر عدالت کی تضحیک کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔