چین اور پاکستانی قیادت کے درمیان آستانہ میں ملاقات نہ ہونے کی باتیں فضول ہیں

چین اور پاکستانی قیادت کے درمیان آستانہ میں ملاقات نہ ہونے کی باتیں فضول ہیں

بیجنگ(اے این این) چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان لوکانگ نے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر صدر شی جن پنگ کے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات نہ کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار تذویراتی شراکت داری قائم ہے اور دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے سربراہ اجلاس کے موقع پر کئی ملاقاتیں کی ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں آستانہ میں چینی صدر کے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات نہ کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹ کو بے بنیاد اور فضول قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر چینی صدر وزیراعظم پاکستان سے ایک بار نہیں کئی بار ملے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار تذویراتی شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی سلامتی اور استحکام اوررکن ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کے فروغ، باہمی اعتماد سازی اور اچھی ہمسائیگی کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم بن گئی ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ

مزید : صفحہ اول