سی پیک کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا : شہباز شریف

سی پیک کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا : شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے پنجاب اسمبلی میں ان کے چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے متوازن اور تیز رفتار ترقی پر مبنی شاندار بجٹ پیش کیا ہے۔ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ دیہی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں،اسی طرح جنوبی پنجاب کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے تاریخ ساز وسائل رکھے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے فنڈز کا تناسب وہاں کی آبادی کے مقابلے میں پہلے سے زیادہ رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ25 ارب روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کا پروگرام جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں میں شروع کیا جائے گاجبکہ22ارب روپے کی لاگت سے خانیوال، لودھراں سڑک پر کام شروع کردیا گیا ہے،اسی طرح17ارب روپے سے مظفر گڑھ ، ڈی جی خان دو رویہ سڑک رواں برس بنے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 635 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرٹ ، شفافیت اور دیانت کو فروغ دیاہے اورصوبے میں اقربا پروری، کرپشن اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا گیاہے ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کے سفر کو آگے بڑھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود منصوبے رفتار اور معیار سے مکمل کیے ہیں جبکہ دھرنا پارٹی نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کی ترقی کے سفر کو داؤ پر لگایااور20 کروڑ عوام کے مفادات کو نظر انداز کرکے ملک کی ترقی وخوشحالی کے خلاف گھناؤنی سازش کی،وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ(ن) کو کامیابی ملے گی کیونکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورعوامی خدمت کے ایجنڈے کو مشن سمجھ کر آگے بڑھایا ہے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں چوہدری محسن اشرف،ابوحفص ایم غیاث الدین، رانا منور حسین،سردار قیصر عباس خان مگسی،چوہدری شبیر احمد گجر،پیر غلام فرید،ایم اشرف وڑائچ،باؤ اختر علی،احمد خان بلوچ اوردیگر شامل تھے ۔شہبازشریف سے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوا ہے اور سی پیک نے پاکستان کی تیز رفتار ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں55 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس سرمایہ کاری میں اربوں ڈالر کا مزید اضافہ ہو گا۔پاکستان میں اربوں روپے کے منصوبوں سے ترقی کا سفر تیز ہوا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے منصوبے ساہیوال کول پاورپلانٹ کو مقررہ مدت سے 7 ماہ قبل مکمل کیا گیا ہے۔ چین سمیت دنیا میں1320 میگاواٹ کا منصوبہ اتنی قلیل مدت میں نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔سی پیک خطے سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے دوست سی پیک سے بے پناہ خوش ہیں جبکہ دشمن کو اس عظیم الشان منصوبے پر بہت تکلیف ہے۔ سی پیک کے خلاف کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پوری قوم سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے ایک ہے۔ شہباز شریف سے پیچیدہ مرض میں مبتلا لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے رہائشی 3 بہن بھائیوں نے اپنے والدین کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں 19 سالہ ندا شاہد، 17 سالہ احمد زبیر اور 12 سالہ ایمان شاہد شامل تھیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں تینوں بچوں کے علاج معالجے کا انتظام کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے بعد حکومت بچوں کے علاج معالجے کیلئے جو کچھ ممکن ہوسکا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں اور ان کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کے علاج معالجے کیلئے انتظام کرنا میرا فرض ہے اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ بچوں کو مکمل صحت یاب کرے، پنجاب حکومت میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں بچوں کے علاج معالجے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کو پیار کیا اور ان سے ہاتھ ملایا۔ اس موقع پر بچوں کے والد شاہد زبیر اور والدہ نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے ہمارے بچوں کے مرض کی تشخیص کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں ان بچوں کا علاج ممکن ہوسکے گا۔ آپ غریب پرور انسان ہیں اور اللہ آپ کو دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا اجر ضرور دے گا۔ وزیراعلیٰ نے والدین سے بچوں کی پیچیدہ بیماری کے بارے میں معلومات لیں۔ شہبازشریف نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی اوروزیراعلیٰ شہبازشریف سے ان کے چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔صوبائی وزیراقلیتی اموروانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کی قیادت میں مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے وفد نے بھی وزیراعلیٰ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف پنجاب اسمبلی کے سیشن میں بجٹ کے مطالبات زر کے حوالے سے کارروائی میں شریک ہوئے اورمطالبات زر کی منظوری کیلئے ووٹنگ میں حصہ لیا۔وزیراعلیٰ کافی دیر تک پنجاب اسمبلی میں موجود رہے اوربعدازاں اجلاس کل تک ملتوی ہونے پر پنجاب اسمبلی سے روانہ ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -