اداروں کی تضحیک پر عوام انتخابات میں عمران خان سے حساب لیں گے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف عوام کے اعتماد ‘پاکستان کے آئین اور قانون کی حکمرانی اور پاسداری کیلئے جمعرات کو جے آئی ٹی میں جارہے ہیں ،انسداد دہشت گردی سے مفرور ‘الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سے بھاگنے والے عمران خان کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود ہی کمیشن یا جے آئی ٹی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا،2018کے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام عمران خان سے جھوٹے الزامات ‘اداروں کی تضحیک اورآئینی اداروں کو گالی دینے کا حساب لیں ، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہجے آئی ٹی پر تحفظات اور دونوں بچوں کے نان ریزیڈنٹ ہونے کے باوجود وزیراعظم نے اپنے مرحوم والد کے اس فیملی بزنس کا بھی حساب دیا جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کبھی کسی نے کمردرد ،کبھی دل کی تکلیف ،کبھی سکیورٹی کا بہانہ ،کبھی دماغی توازن ٹھیک نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ جمع کرایا لیکن تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم محمد نواز شریف جے آئی ٹی کے سامنے جا کر نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ لوگ جن میں سامنے آنے کا حوصلہ نہیں وہ سوشل میڈیا کا سہارا لے کر سرکاری خرچے پر ایک کمرے میں بیٹھ کر اور پہاڑی کی چوٹی پر بیٹھ کر ٹویٹ کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب