نالیاں بند،شدید بارشوں میں سلطان کالونی ڈوبنے کا خطرہ

نالیاں بند،شدید بارشوں میں سلطان کالونی ڈوبنے کا خطرہ

پشاور(کرائمز رپورٹر)صفائی کے عملے کی غفلت کی بدولت سلطان کالونی دلہ زاک روڈ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی جبکہ نکاس کی نالیاں بند ہونے سے گندہ پانی گھروں میں داخل ہونے لگا، مکینوں نے گلیوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی صورت میں دلہ زاک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کرنے کی دھمکی دیدی۔ گزشتہ روز چیئرمین گل احمد مروت کی صدارت میں سلطان کالونی اونرز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں کارکنوں اور عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں سلطان کالونی میں گندگی کے ڈھیر اور صفائی نہ ہونے سے نالیاں بند ہونے کو ڈبلیو ایس ایس پی کی نااہلی اور صفائی کے عملے کی کام چوری قرار دے دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلطان کالونی اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین گل احمد مروت نے کہا کہ صفائی کے عملے نے سلطان کالونی سے منہ موڑ لیا ہے جس کی بدولت جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جبکہ نکاس کی نالیاں بند ہونے سے گندہ پانی گھروں میں داخل ہونے لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ نالیاں مکمل طور پر بند ہیں شدید بارش کی صورت میں سلطان کالونی ڈوب سکتی ہے جس کی بدولت مکانات منہدم ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ گل احمد مروت نے کہا کہ علاقے کے سپروائزر سحر گل سے جب ہم رابطہ کرتے ہیں تو وہ عملے کی کمی کا رونا رونے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صبر کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اگر صفائی کے عملے نے گلیوں اور نالیوں کی صفائی نہ کی تو ہم دلہ زاک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کرکے بھرپور احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ڈبلیو ایس ایس پی کے عملے پر عائد ہوگی۔

مزید : کراچی صفحہ اول