عرب میں اٹھنے والی چنگاری سب کیلئے خطرناک ہے،ہزاربجارانی

عرب میں اٹھنے والی چنگاری سب کیلئے خطرناک ہے،ہزاربجارانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے صوبائی وزیر میرہزار خان بجارانی نے سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی جانب سے قطر سے تعلقات کے خاتمے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہے برادر مسلم ممالک ، پڑوس اور عرب میں اٹھنے والی چنگاری سب کے لیے خطرناک ہے ۔ ہمیں اس پر غور کرنا ہو گا اور سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا ہو گا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ تقریر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے نام لیے بغیر ہی کہا کہ یہ اچانک کیا ہوا کہ کئی عرب ممالک میں قطر کا بائیکاٹ کیا ۔ اسرائیل جب فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے تو ان کو اس وقت بائیکاٹ اور متحد ہونا یاد کیوں نہیں آیا ۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پر یہ متحد کیوں نہیں ہوئے ۔ داعش کے مظالم کے خلاف انہوں نے اس طرح کا اتحاد یا بائیکاٹ کیوں نہیں کیا ۔ یہ دراصل یہود و نصاریٰ کی مسلمانوں کے خلاف سازش ہے ۔ ہمیں اس س ازش سے بچنا ہے ۔ اس سارے معاملے میں پاکستان کا بہت اہم کردار ہے ۔ مگر بدقسمتی سے کیا کریں کہ ہمارے وزیر اعظم اس طرح کے معاملات میں کردار ادا کرنے کے بجائے جے آئی ٹی کی پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وزیر اعظم مستعفی ہو جاتے اور ایک اچھی مثال اور اچھا نظام چھوڑ دیتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر