کراچی ،رینجرز کی کارروائیاں ،8ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

کراچی ،رینجرز کی کارروائیاں ،8ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرزسندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور قتل کی وارداتوں میں ملوث ایم کیوایم لندن کے تین کارکنوں سمیت8ملزمان کوگرفتارکرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے حیدری میں کارروائی کرتے ہوئے 3خطرناک ملزمان سیدمحمدعلی عرف زیدی علی موٹا،ذاکراحمدعرف ذاکربابااور محمدیونس عرف دنبہ کو گرفتار کرلیاہے۔ ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے ۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے خلاف ٹھوس شوہد موجود ہیں۔ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے جہاں ان سے مختلف مقدمات کے سلسلے میں تفتیش کا عمل جا ری ہے۔ ادھرناظم آباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان زیب خان،احمددین اور سکندرعلی کو گرفتارکرلیا ہے ۔ملزمان منشیات کی خریدوفروخت جیسے جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں رینجرز نے لانڈھی سے 2 ملزمان عابدعرف تاؤ اور محمد عرف کالے خان کو بھی گرفتار کیا ہے جو ٹارگٹ کلنگ اورڈکیتی سمیت جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ ساماناور منشیات برآمدکرلی ہے، ملزمان کوقانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیاہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول پانے کے لیے پولیس اور رینجرز نے گشت اور اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کردیا ہے اورجرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائیاں بھی جاری ہیں جس کے باعث شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔