اسلام کی تاریخ میں صحابیات کا کردار اہم رہا ہے،مولاناعبدالرحمن سلفی

اسلام کی تاریخ میں صحابیات کا کردار اہم رہا ہے،مولاناعبدالرحمن سلفی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت غرباء اہلحدیث مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا ہے کہ ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ خاتم البنین حضرت محمدﷺ کی اولین ساتھی تھیں ۔انہوں نے ہمیشہ آپ کو ہر آزمائش کے موقع پر سہارا دیا اور اسلام کی دعوت و تبلیغ کے لئے اپنی پوری دولت و حیات وقف کردی تھی ۔وہ آپ کی دیانت و شرافت سے متاثر تھیں۔ اسلام کو جب چاروں طرف سے دباؤ و خطرات کا سامنا تھا تو حضرت خدیجہ کبریؓ نے بلا کسی خوف و خطر آپ کو حوصلہ دیا اور ہر لمحہ اسلام کی خدمت کرتی رہیں۔ وہ مرکزی آفس پر ’’فضائل خدیجہ الکبریؓ ‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں صحابیات کا کردار اہم رہا ہے ۔انہوں نے اسلام کے لئے تاریخی قربانیاں دیں ہیں اور جہاد کے موقع پر خصوصی کردار ادا کیا ہے۔ اسلام کی ترویج و اشاعت تہذیب و ترقی میں امہات المومنین و صحابیات کا حصہ فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔آج ان کی سیرت و کردار ہماری خواتین کے لئے مشعل راہ ہے ۔ مولانا عبدالرحمن سلفی نے جماعت کے شعبہ خدمت خلق کے تحت غرباء و مساکین ٗ بیواؤں میں راشن اور کپڑوں کی تقسیم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ اللہ کی رحمت کا مہینہ ہے ۔ مسلمان رمضان المبارک میں اپنے بھائیوں کا بھرپور خیال کرتے ہیں اور دل کھول کر معاونت کرتے ہیں۔ جماعت کے شعبہ خدمت کے تحت مرکز و جامعہ ستاریہ اسلامیہ میں 2500 راشن بیگ 2500 سوٹ رمضان کے پہلے عشرے میں تقسیم کیے گئے۔ مولانا عبدالرحمن سلفی نے اہل خیر کا بھی شکریہ ادا کیا اورکہاکہ جماعت کے بیت المال کے ساتھ تعاون کو جاری رکھا جائے۔ رمضان المبارک کے مہینے کی مناسبت سے مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا کہ رمضان المبارک کی نشریات میں ان صحابیات خصوصا حضرت عائشہ صدیقہؓ ٗ حضرت خدیجہ الکبریؓ ٗ حضرت فاطمہ بن محمد ﷺ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جبکہ رمضان المبارک میں بھی بعض چینلز موج میلہ کے مترادف پروگرامز نشر کررہے ہیں اورعالم دین کے بجائے فلمی و ٹی وی اداکاروں کے ذریعہ دین پیش کررہے ہیں۔ اس پر علماء کرام و مجتہدین کو غور و فکر کرنا چاہیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر