بھارتی حکمران جماعت کے انتہا پسند ہندورکن اسمبلی نے مظلوم کشمیری مسلمانوں کو غدار قرار دیتے ہوئے اشتعال انگیز ویڈیو جاری کر دی،کشمیریوں سے بدلہ لینے کے لئے سماجی بائیکاٹ کی اپیل

بھارتی حکمران جماعت کے انتہا پسند ہندورکن اسمبلی نے مظلوم کشمیری مسلمانوں ...
بھارتی حکمران جماعت کے انتہا پسند ہندورکن اسمبلی نے مظلوم کشمیری مسلمانوں کو غدار قرار دیتے ہوئے اشتعال انگیز ویڈیو جاری کر دی،کشمیریوں سے بدلہ لینے کے لئے سماجی بائیکاٹ کی اپیل

  

حیدر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی اسلام اور مسلم دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،مودی دور حکومت میں بھارتی مسلمانوں پر طرح طرح کے مظالم دیکھنے میں آتے ہیں اور بی جے پی کے رہنماؤں کے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بھی منظر عام پر آتے رہتے ہیں ،اب تلنگانہ اسمبلی میں بھارتی حکمران جماعت کے رکن راجہ سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہوں کشمیری مسلمانوں کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو یاتری کشمیریوں سے کوئی بھی چیز نہ خریدیں تاکہ ہندوستانی فوجیوں پر ہونے والے حملوں کا بدلہ لیا جا سکے ،

بھارتی نجی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا ایک انتہائی متنازعہ ویڈیو وائرل ہواہے جس میں انہوں نے کشمیر ی مسلمانوں کو غدار قرار دیتے ہوئے امرناتھ یاترا میں حصہ لینے والے ہندو یاتریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ’’ غدار کشمیر ی مسلمانوں‘‘سے کوئی بھی چیز نہ خریدیں تاکہ کشمیر میں ہندوستانی فوجیو ں پر حملوں کے واقعات کا بدلہ لیا جاسکے۔ یہ ویڈ یو پہلے ان کے سری رام سینا یوٹیوب چینل پر گزشتہ ماہ اپ لوڈ کیا گیا تھا جسے بعد ازاں ہٹا دیا گیا تھا تاہم اب یہ ویڈیوپھر سے وائرل ہو گئی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نے اپنے اس ویڈیومیں انتہائی رکیک اور اشتعال انگیز الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی ، جون اور جولائی میں امرناتھ یا دیگر یاتراوؤں پر جانے والے ہندو افراد سے میں اپیل کرتا ہوں کہ وہ’’ غدار مسلمان کشمیر یوں ‘‘سے ایک روپے کا بھی سامان نہ خریدیں ،یہ کشمیری ہماری سیکیورٹی فورسز پر پتھر پھینکتے ہیں ،ان کشمیریوں کو سبق سکھانے کے لئے ان سے ایک روپے کی بھی خریداری نہ کریں۔راجہ سنگھ نے اپنی اس اشتعال انگیز ویڈیو میں کہا کہ اگر ہم یہ ایک چھوٹی سی کوشش کریں گے تو آنے والے دنوں میں ہم یہ محسوس کریں گے کہ یہ’’ غدار ‘‘جو ہمارے روپے پیسے پر زندگی بسر کرتے ہیں،سڑک پر آجائیں گے اور اپنی دہشت گردی ختم کردیں گے اور یہ کہنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ وہ ہندوستان ہی میں رہیں گے اور پاکستان کو بھول جائیں گے کیونکہ کشمیر ہمارے سر کا تاج ہے۔ انتہا پسند ہندو رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایسا کریں گے تو کشمیری مسلمان گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ بھارتی جنتا پارٹی کا یہ لیڈر راجہ سنگھ مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کے لئے مشہور ہے اور اس کے ایسے کئی ویڈیوز پہلے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی