انوشکا شرما کے ساتھ ملبورن میں گذرے ہوئے’’ لمحات‘‘ تومیں زندگی میں کبھی نہیں بھول سکتا،وہ ہمیشہ میرے لئے خوش قسمت ثابت ہوئی:ورات کوہلی

انوشکا شرما کے ساتھ ملبورن میں گذرے ہوئے’’ لمحات‘‘ تومیں زندگی میں کبھی ...
انوشکا شرما کے ساتھ ملبورن میں گذرے ہوئے’’ لمحات‘‘ تومیں زندگی میں کبھی نہیں بھول سکتا،وہ ہمیشہ میرے لئے خوش قسمت ثابت ہوئی:ورات کوہلی

  

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ورات کوہلی کی ہندوستانی فلموں کی چلبلی اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ چلنے والی ’’عشق کہانی ‘‘ کسی سے پوشیدہ نہیں ،ان دونوں بھارتی سٹارز کو اکثر ایک ساتھ ہی دیکھا جاتا ہے ،کبھی کسی ہوٹل میں ڈنر کرتے ہوئے اور کبھی کسی ائیرپورٹ پر سفر کرتے ہوئے ،پہلی مرتبہ ورات کوہلی نے اپنی اس ’’عشق کہانی‘‘ کی گھتیاں سلجھاتے اور کھولتے ہوئے لب کشائی کی ہے اور کہا ہے کہ انوشکا شرما میرے لئے بہت لکی ہیں ،جب مجھے فون پر بھارتی ٹیم کی کپتانی سونپنے کی خوشخبری سنائی گئی تو اس وقت انوشکا میرے ساتھ تھیں ،وہ لمحات ایسے ہیں جسے میں اپنی زندگی میں کبھی نہیں بھول سکتا اور ہمیشہ یاد رکھوں گا ۔

بھارتی نجی چینل ’’سٹار سپورٹس ‘‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز کپتان ورات کوہلی نے پہلی مرتبہ اپنے اور انوشکا شرما کے تعلقات پر کھل کر بات کی اور کہا کہ انوشکا ان کے لئے ہمیشہ خوش قسمت ثابت ہوئی ہیں ،جب مجھے انڈین ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ، مجھے یاد ہے کہ میں موہالی میں تھا، ٹیسٹ سیریز چل رہی تھی اور انوشکا بھی میرے ساتھ ہی تھیں،اس سے پہلے جب مجھے ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تب بھی انوشکا ملبورن میں میرے ساتھ ہی تھیں ،میرے لئے یہ بہت خاص لمحہ تھا جب اس خوشی کو ہم نے ایک ساتھ شیئر کیا ، مجھے فون پر بتایا گیا کہ مجھے انڈین ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے،فون رکھنے کے بعد میں نے انوشکا کو بتایا تو میری آنکھوں میں آنسو تھے،میں ایک منٹ کے لئے ماضی میں چلا گیا، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ لمحہ میری زندگی میں آئے گا اور میں یہ انوشکا کے ساتھ شیئر کروں گا، یہ ایسا پل ہے، جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔واضح رہے کہ سال 2015ء ورلڈ کپ میں ورات کوہلی کی ناقص کارکردگی کے بعد لوگوں نے انوشکا شرما کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایاتھا اور کوہلی کی خراب پرفارمنس کا ذمہ دار انوشکا شرما کو ٹھہرایا تھا۔

مزید :

کھیل -