سیمی فائنل میچ میں پاکستان پہلے بولنگ کرے، سرفراز کو تیسرے نمبر پر کھیلنا ہوگا: رمیز راجہ

سیمی فائنل میچ میں پاکستان پہلے بولنگ کرے، سرفراز کو تیسرے نمبر پر کھیلنا ...
سیمی فائنل میچ میں پاکستان پہلے بولنگ کرے، سرفراز کو تیسرے نمبر پر کھیلنا ہوگا: رمیز راجہ

  

کارڈف (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں پاکستان ٹیم اگر ٹاس جیتتی ہے تو اسے پہلے بولنگ کرنی چاہیے کیونکہ وکٹ گیند بازوں کیلئے ساز گار ہے، بیٹنگ کے شعبے میں بھی کچھ تبدیلیاں کرنا ہوں گی اور کپتان سرفراز کو تیسرے نمبر پر کھلانا ہوگا ۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ میں اگر پاکستان ٹا س جیتتا ہے تو اسے پہلے بولنگ کرنی پڑے گی کیونکہ پاکستان کی اہم چیز بولنگ ہے اور یہ وکٹ بھی بولرز کیلئے سازگار ہے اس لیے پاکستان سیمی فائنل میں سری لنکا جیسی کارکردگی دکھائے اور انگلینڈ کو 270 سے 280 رنز پر روک لے۔

سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف اٹیکنگ کرکٹ ہی جتوا سکتی ہے: شاہد آفریدی

انہوں نے بیٹنگ کے شعبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے خلاف میچ میں ہمارے کھلاڑی بہت خوفزدہ ہوتے ہیں اور اضافی سامان باندھ کر بیٹنگ کرنے جاتے ہیں، انہیں یہ خوف ختم کرنا ہوگا، اگر اور کچھ نہیں کرنا تو کم از کم بیٹنگ کے نمبرز تبدیل کرلیے جائیں جس سے اچھے نتائج مل سکتے ہیں۔ کل کے میچ میں سرفراز احمد نمبر 3 پر بیٹنگ کریں کیونکہ ان کے پاس حوصلہ اور برداشت دونوں ہی ہیں جب تک سرفراز کا تین کا تڑکا نہیں لگائیں گے تب تک بات نہیں بنے گی۔ حفیظ اور شعیب کو بڑی اننگز کھیلنی پڑے گی جبکہ بابر اعظم کو بھی لمبا کھیلنے کی ضرورت ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ شاداب خان کی بولنگ میں کوالٹی ہے اس لیے اگر میں سرفراز کی جگہ کپتان ہوتا تو انگلینڈ کے خلاف میچ میں اسے ضرور کھلاتا کیونکہ اگر شاداب کی گیند گھوم گئی تو بہت سے حریف کھلاڑیوں کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی۔

مزید : کھیل