لاہو ر ہائیکورٹ بار آفس میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولت سنٹر کا قیام
لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس کا وکلاء کیلئے ایک احسن اقدام، چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد نے لاہو ر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن آفس میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولت سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار کے سابق صدر احسن بھون، صدر انوارلحق پنوں اورسیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار سمیت متعدد افسران نے شرکت کی۔رائے اعجاز احمد کا کہناتھا کہ ڈرائیونگ سنٹر سے وکلاء نئے ڈرائیونگ لرنر پرمٹ ،اپنے لائسنس کی تجدید، گمشدگی کی صورت میں نیا ڈرائیونگ لائسنس اورانٹرنیشنل لائسنس آسانی سے بنوا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد شہریوں ،سائلین اور وکلاء کے قیمتی وقت کو محفوظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ڈورٹو ڈور لائسنسنگ پالیسی کے تحت شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس فراہم کر رہی ہے، گذشتہ سال 10 سے زائد نئے سنٹرقائم کئے گئے ،لاہورمیں ان کی تعداد 18 ہو چکی ہے، کالجوں، یونیورسٹیوں،سرکاری و نیم سرکاری اداروں کیلئے ایک موبائل لرنر وین بھی کام کر رہی ہے،شہر میں چار ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹرز اور ایک موبائل ٹیسٹنگ وین بھی کام کرر ہی ہے۔
