ننکانہ ، احترام رمضان کی خلاف ورزی 7ہوٹل مالکان گرفتار
ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی )عید قریب آتے ہی پولیس کی پھرتیاں، پورا ماہ رمضان سرعام کھانے پینے کی چیزیں فروخت کرنے والے ہوٹل مالکان اور ٹی اسٹالز مالکان کی پکڑ دھکڑ شروع کردی،سات ہوٹل مالکان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں پورا ماہ رمضان المبارک ضلعی انتظامیہ کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث شہر کے تقریبا سبھی ہوٹل اور ٹی اسٹالز بغیر کسی اجازت کے کھلے رہے جہاں پر نہ صرف کھانے پینے کی اشیائے سرعام فروخت ہوتی بلکہ لوگ ان ہوٹلوں اور ٹی اسٹالز پر بیٹھ کر کھانا وغیرہ بھی کھاتے تھے جن کے خلاف کسی بھی محکمہ نے کوئی کاروائی نہ کی اب جیسے ہی عید الفطر قریب آرہی ہے پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے ایسے ہوٹلز اور ٹی اسٹال مالکان کے خلاف آپریشن تیز کرکے پکڑ دھکڑ اور مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا ہے گزشتہ روز پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے غلہ منڈی ننکانہ کے قریب واقع عامر ٹی اسٹال کے مالک ولایت علی، چونگی نمبر 5کے قریب واقع علی نان شاپ، چونگی نمبر 5کے قریب ہی نان چنے فروخت کرنے والے محمد بوٹا، محلہ کیارہ صاحب کے نان ٹکی فروش محمد عمران، کلمہ چوک کے ماشا اللہ ہوٹل کے مالک محمد بشیر، ننکانہ واربرٹن چونگی پر واقع عمیر ہوٹل کے مالک محمد انور اور اسی روڈ پر نان چنے فروخت کرنے والے محمد عارف کو ماہ رمضان المبارک میں کھانے پینے کی چیزیں سرعام فروخت کرنے پر رنگے ہاتھوں پکڑ کر ملزمان کے خلاف الگ الگ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے ہیں۔
