بھارت کا مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات سے حل کرے ،ممنون حسین
اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ممنون حسین نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازع مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر آمادہ ہو جائے ۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ،منگل کو سفیروں کے اعزاز میں افطار عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں آپ سے ملاقات باعثِ مسرت ہے۔روزہ ایک آفاقی تصور اور ایسی عبادت ہے جو عالم انسانیت اور مختلف مذاہب میں کسی نہ کسی صورت میں موجود ہے ۔ یہ ایک ایسی عبادت ہے جس کے ذریعے انسان میں نظم وضبط، مسائل کا سامنا کرنے کی ہمت ، ایثار کا جذبہ، صبرو استقامت اور عاجزی کی کیفیات پیدا ہو تی ہیں۔جنگوں، مذہبی، نسلی و لسانی تعصبات اور برتری کے گھمنڈ کی وجہ سے دنیا غیر معمولی تبدیلیوں کی زد میں ہے۔ان پیچیدہ مسائل نے مختلف معاشروں ا ور اقوام کے درمیان تقسیم کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ اسی طرح دنیا کے مختلف خطے دہشت گردی کی لعنت سے نبردآزما ہیں ۔ اس خوفناک تصادم میں بعض اوقات یہ خطرہ محسوس ہوتا ہے کہ اعتدال پسند قوتیں کہیں ناکام نہ ہو جائیں ۔متشدد اور تعصبانہ قوتیں مذہبی،نسلی، اقتصادی برتری اور استبدادی خواہشات انسانیت کی بقا کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ آج دہشت گردی ایک خطر ناک عفریت کا روپ دھار کر چکی ہے جس کا دنیا کو سامنا ہے۔بلا شبہ وطنِ عزیز دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔ ہماری معیشت کو بلین ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔ اس جنگ کے دوران ہمارے ہزاروں شہریوں اور سپاہیوں نے جان کی قربانی دی ۔ با نی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور مذہبی آزادیوں کی ضمانت دی تھی ۔میں مقبوضہ کشمیر کے نہتے ، پرامن اور معصوم عوام پر بھارت کے بہیمانہ مظالم کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہوں ۔ میں عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ اس سلسلے میں،میں بھارت سے بھی کہتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازع مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر آمادہ ہو جائے ۔یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان نے ایک اور پانچ سالہ جمہوری دور مکمل کر لیا ہے جو پاکستان میں جمہوری اداروں کی مضبوطی کی دلیل ہے۔ وطنِ عزیز میں جولائی کو عام انتخابات ہو رہے ہیں۔ میں توقع کرتا ہوں کہ آنے والی جمہوری حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لیے تندہی سے کام کرے گی۔
صدر ممنون
