ملک بھر میں پھرلوڈ شیڈنگ شروع، گرمی میں بھی اضافہ
لاہور )کامر س رپورٹر(ملک بھر میں پھر بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع، دوسری جانب گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ۔تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک بار پھر بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ کر 24 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گئی ۔ لوڈ بڑھ جانے سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے ٹرانسمیشن سسٹم جواب دینا شروع ہو گئے ۔ گزشتہ روز لیسکو کا جوہر ٹاؤن اورہربنس پورہ گرڈ اوور لوڈ ہونے کے باعث ٹرپ کر گئے ۔ دوسری جانب ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث وولٹیج میں کمی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا جس کے باعث صارفین کی لاکھوں روپے مالیت کی اشیا جل کر راکھ ہو گئی ۔ لوڈ شیڈنگ سے روزہ داروں کے لئے امتحان مزید سخت ہو گیا ۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی ۔ مساجد میں روزہ داروں کو وضو کے لئے بھی پانی میسر نہ ہو سکا ۔ سحر و افطار سمیت تراویح کے موقع پر بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ علاوہ ازیں ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا تمام شہروں میں درجہ حرارت میں تین سے چار سنٹی گریڈ کا اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کی پیشن گوئی کی ہے۔ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہیگا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ بالائی سندھ میں شدید گرم رہا۔
لوڈشیڈنگ،گرمی
