کرم ایجنسی کے دو قومی حلقوں کیلئے خاتون سمیت 76 امیدواروں کے مابین مقابلہ
پاراچنار ( نمائندہ پاکستان) قبائلی ضلع کرم کے دو انتخابی حلقوں این اے 45 و این اے 46 سے خاتون امیدوار علی بیگم سمیت 76 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ضلع کرم کے انتخابی حلقے این اے 46 کے ریٹرننگ آفیسر نصراللہ یوسفزئی کے مطابق اس حلقے سے سابق بیوروکریٹ خاتون امیدوار علی بیگم سمیت تیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کردئیے جن میں سابق آئی جی پولیس سید ارشاد حسین سابق ایم این اے ساجد طوری، محمد حسین طوری، سابق ایم این اے منیر سید میاں، ابرار جان طوری، اقبال سید میاں اور حاجی جمیل طوری بھی شامل ہیں ضلع کرم کے دوسرے انتخابی حلقے این اے 45 کے ریٹرننگ آفیسر طارق حسن کے مطابق اس حلقے سے کل 46 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں جن میں سابق ایم این اے منیر اورکزئی سابق سینیٹر رشید احمد خان، حاجی سید جمال، متحدہ قبائل پارٹی کے مرکزی چئیرمین حبیب ملک اورکزئی، ملک فخر زمان، عبدالکریم عابد اور عارف حسین شامل ہیں اس حلقے پر گذشتہ الیکشن کے دوران بم دھماکہ کے بعد پیدا شدہ حالات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر انتخابات نہیں ہوسکے اور یہ حلقہ پانچ سال تک ایم این اے سے محروم رہا۔
