(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے ملک کو مسائلستان بنا دیا،اعجاز چودھری
لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و امیدوار این اے 133اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے ملک آج مسائلستان بن چکا ہے ان کے کرپٹ دور حکومتوں میں ملکی وسائل میں کمی اور مسائل میں اضافہ ہو ا، عام آدمی بنیادی سہولتوں سے آج بھی محروم ہے ، پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ، ملکی معیشت تباہ ہو چکی اور ملکی قرضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔ وہ گز شتہ روز وفا قی کالونی جوہر ٹاؤن میں اپیکا کے صدر حاجی ارشادکی جانب سے پارٹی کارکنوں اور اہل علاقہ کے اعزاز میں دئیے گے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ملک کو اندھیرے میں دھکیلنے والے دوبارہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آ سکیں گے۔، پی ٹی آئی عوام کو صحت اور تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرے گی۔
اور اس کیلئے چاروں صوبوں میں خیبر پختوانخواہ کی طرز پر بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خود مختار بنایا جائے گا ،صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات ہوں گی اور اس کیلئے جامع ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے جس پر بلا تاخیر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ او رپیپلز پارٹی کا نظریہ صرف لوٹ مار اور کرپشن ہے اور کئی دہائیوں سے اسے فروغ دیا جارہا ہے ۔عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی دونوں جماعتوں کے اس نظریے کے آگے بندباندھ کر کھڑی ہے اور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک کی تباہی کا باعث بننے والے اس نظر یے کو منوں مٹی تلے دفن کر دیا جائے گا۔
