پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے،ثمینہ گھرکی
لاہور(سٹی رپورٹر)پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور شعبہ خواتین لاہور کی جنرل سیکرٹری سونیا خان نے مطالبہ کیاہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا اور اس سے عام آدمی کا معیار زندگی بھی متا ثر ہو گا اور اس کی عید کے تہوار جیسی خوشیاں بھی ماند پڑ جائیں گی اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے ہم اس اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ رمضان کے بابر کت مہینے میں عوام کو ریلیف دیا جاتا لیکن ایسا کرنے کی بجائے الٹا عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا گیا ہے اس کی وجہ سے مہنگائی کی جو نئی لہر آئے گی وہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کا سبب بنے گی ۔انہوں نے کہا کہ عین عید الفطرکے موقع پر عوام پر پٹرول بم گرانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے پیپلز پارٹی اس اضافے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ پرانے والی قیمتیں ہی بحال کی جائیں۔
