گڑھی دوپٹہ میں گراں فروشوں کے خلاف انتظامیہ کا ایکشن
مظفرآباد(بیورورپورٹ)گڑھی دوپٹہ میں گراں فروشوں کے خلاف انتظامیہ کا ایکشن، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی مقرر کردہ قیمتوں سے تجاوز کرنے والے منڈی مالک گرفتار، متعدد دکانداروں کو جرمانے۔تھڑا مافیا کو وارننگ جاری۔تفصیلات کے مطابق نائب تحصیلدار گڑھی دوپٹہ سید ضمیر شاہ کا ہمراہ پولیس ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ گڑھی دوپٹہ محمد رفیق اعوان، تفتیشی آفیسر چوہدری سلیم، کانسٹیبل یاسر ودیگر کے ہمراہ گزشتہ روز پل بازار گڑھی دوپٹہ میں گراں فروش مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پل بازار گڑھی دوپٹہ میں قائم سبزی منڈی کے مالک کو قیمتوں میں تجاوز کرنے پر گرفتار کرتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔جبکہ دیگر بازار کے معائنے کے دوران پرائس کنٹرول لسٹوں میں تجاوز کرنیو الے دکانداروں کے خلاف بھاری جرمانے بھی عمل میں لائے گئے۔جبکہ قصابوں کو بھی عید کے موقع پر سرکاری ریٹ لسٹوں کے مطابق گوشت کی فروخت کرنے کا پابند بنایا گیا اور یہ وارننگ جاری کی گئی کے اگر خلاف ورزی کی کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو عین وقت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عوام علاقہ گڑھی دوپٹہ نے انتظامیہ کو چیک اینڈ بیلنس مزید جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
