لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے جھوٹ نکلے،فیاض وڑائچ
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما فیاض وڑائچ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ میں اسلامیان پاکستان نے لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کیساتھ رمضان المبارک گزارا،6 مہینے، 1سال،2 سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والے پانچ سال کے بعد بھی جھوٹے نکلے،نگران وفاقی وزراء نے درست کہا کہ ڈیمز نہ بننے اور بجلی کے ترسیلی نظام کودرست نہ کرنے کی وجہ سے شارٹ فال بڑھا۔
رہنماؤں نے کہا کہ شریفوں نے بجلی کی عوامی ضرورت کو کمیشن بنانے کیلئے استعمال کیا، دھڑا دھڑ بجلی منصوبوں کے افتتاح تو کیے مگر پورے نظام کی اصلاح پر دانستہ توجہ نہیں دی، قوم اب ان مداریوں کا راستہ روکے، یہ جیل کا مال ہے اسے جیل میں ہی منتقل کرنا ہو گا۔فیاض وڑائچ نے کہا کہ پوری زندگی میں روپے کی بے قدری نہیں دیکھی جو گزشتہ 5سالہ دور حکومت کی مجرمانہ گورننس کے نتیجے میں آج قوم کے سامنے ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر 122 روپے کا ہو چکا، کھربوں روپیہ قرضہ کی مد میں بڑھ گیا، یہ سب نواز شریف، اسحاق ڈار اور ایک خاندان کی لوٹ مار کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صرف نوازشریف، شہباز شریف یااسحاق ڈار مجرم نہیں بلکہ ن لیگ کی پوری قابل گردن زدنی ہے کہ جن کی آنکھوں کے سامنے ملک کی جڑیں کھوکھلی کی جاتی رہیں اوروہ اپنے چھوٹے چھوٹے فائدوں کیلئے منہ بند کر کے بیٹھے رہے، فیاض وڑائچ نے کہا کہ چودھری نثار بھی صرف دھمکیوں پر اکتفا نہ کریں وہ پوری طرح منہ کھولیں اور نواز شریف کا کچا چٹھا قوم کے سامنے رکھیں
