الفطیم رینالٹ کی نئے کار مینو فیکچرنگ پلانٹ کی تصدیق
کراچی (پ ر) الفطیم نے جاری کردہ ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں رینالٹ گاڑیوں کو تیار کرنے والے پلانٹ کے لئے فیصل آباد میں انڈسٹریل زمین حاصل کرلی گئی ہے۔الفطیم رینالٹ پاکستان فیصل آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے اسپیشل اکنامک زون ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں عالمی معیار کا پلانٹ تعمیر کریگا۔الفطیم آٹو موٹیو انٹرنیشنل کے سینئر مینیجنگ ڈائریکٹر کولن کورڈری نے کہا کہ الفطیم پاکستانی مارکیٹ اور اس منصوبے سے مکمل طور پر وابستہ ہے۔ ’ہم گروپ رینالٹ کے ساتھ انڈسٹریل زمین کو حاصل کرنے پر بہت مسرت محسوس کررہے ہیں کیونکہ اس منصوبے کے لئے زمین کا حصول ایک اہم سنگ میل ہے ۔ ‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی پلانٹ کے لئے بہتر جگہ کا انتخاب ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے اور اب جب ہم زمین حاصل کرچکے تو ہماری کوشش ہوگی کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ کام کریں تاکہ یہاں عالمی معیار کا پلانٹ قائم کیا جاسکے۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں قیمتی غیر ملکی زرمبادلہ آئے گا جو پاکستانی معیشت کے لئے مثبت ثابت ہوگااور یہاں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔
