غلطی تسلیم کرنے کے باوجودشیخ رشید کے حق میں فیصلہ آیا :شکیل اعوان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ن لیگی رہنما شکیل اعوان کا کہنا ہے کہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا حصول کتنا مشکل ہے،شیخ رشید کی غلطی تسلیم کرنے کے باوجودان کے حق میں فیصلہ آیا ۔
شیخ رشید کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے والے لیگی رہنما شکیل اعوان کا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ شیخ رشید نے عدالت میں تسلیم کیا کہ انہوں نے غلطی کی لیکن آج سپریم کورٹ کی جانب سے ان کی اہلیت کے حق میں فیصلہ آیا جبکہ میرے کیس کا فیصلہ 85 دن محفوظ رہا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید کی نااہلی سے متعلق کیس اٹھارہ ماہ تک الیکشن ٹریبونل میں چلا جسے 4 ماہ میں فیصلہ کرنا تھا اورمیں اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آیا۔ شکیل اعوان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے اس فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا حصول کتنا مشکل ہے، جب تک انصاف نہیں ملے گا عدالتوں کے دروازے کھٹکٹاتے رہیں گے۔
