کیا پرویز مشرف انتخابات سے قبل پاکستان آئیں گے یا نہیں ؟سابق صد رکو دوستوں نے بڑا مشورہ دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف انتخابات سے قبل پاکستان واپس آنے کے لیے پر تول رہے ہیں اور اس سلسلے میں ان کے لیے پاکستان آنے کے تمام راستے بھی کھول دئیے گئے ہیں تاہم پھر بھی وہ تذبذب کا شکار دکھائی دیتے ہیں ۔اب پرویز مشرف کو بعض قریبی دوستوں نے انہیں وطن واپس نہ آنے کا مشورہ دے دیا،وطن واپسی کی صورت میں سابق صدرکومشکلات درپیش آ سکتی ہیں۔ سابق فوجی افسران سمیت پرویز مشرف کے مختلف دوستوں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ موجودہ حالات میں پاکستان آنے سے گریز کریں کیونکہ موجودہ صورتحال میں اگر وہ پاکستان آتے ہیں تو ان کےلئے کافی مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر نے قریبی دوستوں کے مشورے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پاکستان نہیں آئیں گے۔
