سیاسی جماعتیں ڈکٹیٹر شپ کے خاتمے کیلئے متحد ہوجائیں،مشرف کے قریبی ان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں:سیاسی رہنما
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سیاسی رہنما ﺅں نے کہا کہ ہے کہ ڈکٹیٹر شپ کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک نقطہ پر اتفاق ضروری ہے ۔مشرف نے دوران صدارت اپنے ذاتی اکاﺅنٹس میں پیسے جمع کروائے ۔مشرف کے دوست ان کاساتھ چھوڑ چکے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آمریت نے کئی بار اس ملک پر حملہ کیاہے لیکن آمریت اس ملک پاﺅں جما نہیں سکی ۔ اس کی وجہ عوام کا جمہوری رویہ ہے لیکن آمروں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ مشرف نے خود اقرار کیا کہ میں نے پاکستانیوں کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کیا اور ڈالر لئے اگر یہ بات کوئی سویلین کرتا تو اس کاحشر کردیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں پر ایک نقطہ پر اکٹھا ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے بنیاد ی نظریات سے ہم آہنگ ہوں ۔
تحریک انصا ف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ پرویز مشرف کے اکاﺅنٹس کی تحقیقات ہونی چاہئے کیونکہ ان کی صدارت کے دوران جو پیسے ان کو ملے وہ انہوں نے اپنے ذاتی اکاﺅنٹس میں ٹرانسفر کروادیئے تھے اس کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کی ملک واپسی میں آنے سے جھجھک کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے دوست ان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں بلکہ خود ان کی پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے مجھے فون کرکے اسلام آباد سے تحریک انصاف کے ٹکٹ کے لئے درخواست کی تھی ۔
