مریم صفدر جھگڑالو خواتین کی طرح طعنے بازی کرنے کی بجائے باؤ جی کی کرپشن کی تفصیلات بتائیں:ڈاکٹر شہباز گل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر جھگڑالو خواتین کی طرح طعنے بازی کرنے کی بجائے باؤ جی کی کرپشن کی تفصیلات بتائیں،احتساب کمیشن بننے کے اعلان کے بعد چوروں کا ٹولہ حواس باختہ ہو گیا ہے ،مریم صفدر اداروں کے خلاف بیان بازی کی بجائے اشتہاری بھائیوں کو وطن واپس بلائیں.
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ظفر وال میں کئے جانے والے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ10 سالوں میں 24 ہزار ارب قرضہ لیکر کہاں لگایا؟ پائی پائی کا حساب دینا ہو گا، منی لانڈرنگ اور کمیشن کھا کر رائیونڈ میں سینکڑوں ایکڑ کے محل تعمیر کرنے کا حساب دینا ہو گا ،عدالت عظمیٰ کے معزز منصفین کے نام پر سیاست نہ کی جائے.انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے کوئی کاروبار نہیں کیا تو محترمہ مریم صفدر صاحبہ آپ کونسا مائیکروسافٹ میں سی ای او رہی ہیں، آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ عمران خان ایک پروفیشنل کرکٹر تھے جنہوں نے نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ بیرون ملک بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہے.