وزیر سوشل ویلفیئر کی دارالامان آمد،سیکیورٹی کیمروں کی خرابی پر برہم
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب محمد اجمل چیمہ نے دارالامان لاہور کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے دارالامان میں سیکورٹی کی مانیٹرنگ کے لئے نصب کئے جانے والے سی سی ٹی وی کیمرے بند ہونے پر شدید برہمی کا اظہارکیا۔ انہوں نے ملازمین اور دارالامان کے رہائشیوں کے حاضری کے ریکارڈ سے متعلقہ رجسٹر زچیک کئے اور اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور دیگر ضروری مطلوبہ معلومات کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب نے دارالامان کے رہائشیوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کچن، ڈائیننگ روم، واش رومز اور ہاسٹلز میں صفائی کے انتظامات چیک کئے اور ان کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد اجمل چیمہ نے کہا کہ ان خواتین کی دیکھ بھال اور تحفظ ہمارا فرض ہے اس میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دارالامان میں ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران اور ملازمین کو ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینے کی تنبیہ کی۔