آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ نے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے: مولانا گوہرشاہ

آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ نے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے: مولانا ...

چارسدہ(بیو رو رپورٹ)سابق ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے تیار کردہ بجٹ نے عوام پر مہنگائی کا بم گر ا دیا ہے۔ بجٹ میں بے تخاشہ ٹیکسسز سے غریب عوام کا جینا مشکل ہو جائیگا۔ موجودہ حکومت کو مزید برداشت کرنا وطن عزیز کے ساتھ زیادتی ہے۔ دوسروں کے اشاروں پر چلنے والا کپتان کھبی میچ نہیں جیت سکتا۔ وہ دار العلوم اسلامیہ چارسدہ میں مجلس عمومی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ سابق ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ نے کہا کہ عمرا ن خان آئے روز کہتے ہیں کہ قوم تھوڑا برداشت کریں مگر قوم میں بر داشت کی سکت ہی نہ ہوتو کس طرح عمران خان کی بات سنجیدہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ موجو دہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی ناکام ترین اور نااہل حکومت ہے۔ کپتان نے عوام سے جھوٹے وعدوں اور دعوؤں پر ووٹ لیا مگر ان کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو ئے۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے پہلے ہی دن سے کپتان کے حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا اور کپتان کے حوالے سے قائد جمعیت نے جو پیشگوئی کی تھی وہ آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ نے عوام پر منگائی کا ایک اور بم گرا دیا ہے۔ عوام پہلے ہی سے کمر توڑ مہنگائی سے عاجز آچکے تھے مگر آئی ایم ایف کے تیار کر دہ بجٹ سے تو متوسط طبقے کا جینا حرام ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ملین مارچ موجودہ حکومت کے خاتمے میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ جے یوآئی ضلع چارسدہ ملین مارچ میں شرکت کیلئے یونین کونسلوں کی سطح پر تیاریاں کر رہی ہے اور انشاء اللہ ہزاروں کی تعداد میں چارسدہ سے عاشقان رسول ﷺ پشاور ملین مارچ میں شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کل بروز جمعہ مہنگائی، حکومت کے ملک دشمن اور اسلام دشمن پالیسیوں اور علی جان کلے عمر زئی میں خونی واقعہ کے حوالے سے فاروق اعظم چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ مولانا سید گوہر شاہ نے مزید کہا کہ جو کپتان دوسروں کے اشاروں پر اپنی ٹیم لڑاتا ہو وہ کھبی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کپتان یہودی لابی اور امریکہ کے اشاروں پر گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں جس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے اس لئے موجودہ حکومت کو مزید وقت دینا اور بر داشت کرنا وطن عزیز کے ساتھ زیادتی اور غداری ہو گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر