رشکئی اکنامک زون کا عنقریب افتتاح ہوگا ، عبدالکریم خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ رشکئی اکنامک زون کا جلد افتتاح ہو گا جس کے بعد ایک ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل سپیشل اکنامک زون صوبے کی معاشی و اقتصادی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے اور سی پیک اس دوستی کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔عبدالکریم خان کا کہنا تھا کہ رشکئی اکنامک زون کے قیام سے بالواسطہ اور بلا واسطہ ایک لاکھ پچاس ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا جبکہ یہاں تیار ہونے والا سامان وسطی ایشیائی ریاستوں کو ایکسپورٹ کر کے خطیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے گا۔معاون خصوصی صنعت کا کہنا تھا کہ رشکئی اکنامک زون سے سی پیک کے مغربی اور مشرقی روٹس تک رسائی بھی بہت آسان ہے اور انہیں یقین ہے کہ اپنی نوعیت کے اس پہلے اور منفرد اقتصادی زون کے قیام سے خیبر پختون خوا کے عوام ترقی و خوش حالی میسر آئے گی۔ عبدالکریم خان نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز کے قیام پر چینی سفیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس مرکز کے قیام سے جہاں پشاور اور خیبر پختون خوا کے عوام کو چینی ثقافت سے متعلق جاننے کا موقع ملے گا وہیں پاک چین دوستی میں اس صوبے کے عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا۔انہوں نے چینی حکومت کو یقین دلایا کہ خیبر پختون خوا کی حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے اور اس سلسلہ میں تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔قبل ازیں معاون خصوصی صنعت نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں اور چینی ثقافت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔