یونیورسٹیز خصوصی طلبا کو فری شپ دیں،سید قاسم نوید قمر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی طلبا کا حوصلہ بڑھانے کے لیے یونیورسٹیز اور پروفیشنل کالجز کو ان طلبا کو فری شپ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے اس عمل سے خصوصی طلبا نہ صرف اعلی تعلیم حاصل کرسکیں گے بلکہ ایک بہتر اور خودمختار زندگی بھی بسر کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری محکمہ بحالی خصوصی افراد خالد چاچڑ، ایڈیشنل سیکرٹری ابوبکر اور ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ بحالی خصوصی افراد صوبے کی یونیورسٹیز اور پروفیشنل کالجز کو مراسلہ ارسال کرے گا جس میں ان اداروں سے درخواست کی جائے گی کہ وہ خصوصی طلبا کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں فری شپ کی سہولت فراہم کریں تاکہ وہ باآسانی اعلی تعلیم حاصل کرسکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ کراچی یونیورسٹی نے خصوصی طلبا کو فری شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ کی دیگر یونیورسٹیز اور پروفیشنل کالجز اس اعلی مثال کی پیروی کریں کیونکہ ان کے اس عمل سے خصوصی طلبا اعلی تعلیم کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے مذید کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ خصوصی افراد کو قدرت نے بہت صلاحیتوں سے نوازا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان خصوصی افراد کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے لئے بھرپور مواقع مہیا کئے جائیں۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ حکومت سندھ ان خصوصی افراد کو سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم، صحت اور ووکیشنل ٹریننگ کے بہتر مواقع مہیا کررہی ہے