ملک بھر میں میڈیکل کالجز میں ایڈمشن کیلئے انٹری ٹیسٹ25 اگست کو ہونگے
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ایک ساتھ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق پی ایم ڈی سی کی جانب سے مذکورہ فیصلہ انٹری ٹیسٹ کے معیار سے متعلق شکایات کے تناظر میں سامنے آیا۔پی ایم ڈی سی نے کے مطابق ملک بھر میں میڈیکل کالج کے انٹری ٹیسٹ کی ایک تاریخ ہوگی اور 25 اگست کو تقریباً ایک لاکھ سے زائد امیدوار ٹیسٹ کا حصہ بنیں گے۔کونسل کے ممبر محمد علی رضا نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ سال منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں متعدد بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا، متعدد طلبا و طالبات نے شکایات درج کروائیں،کہیں ٹیسٹ آسان اور کہیں بہت مشکل تھا،اب ایک سلیبس کے تحت ٹیسٹ لیا جائیگا۔ماضی میں تمام صوبے الگ الگ ٹیسٹ لیتے تھے جس سے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا تھا‘ ممکنہ طور پر انٹری ٹیسٹ کی فیس ہزار روپے سے 15 سو روپے ہو سکتی ہے۔ طالبعلم نتائج میں تاخیر کے باوجود انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرسکیں گے۔
انٹری ٹیسٹ