عمران خان دن میں عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے،خورشید شاہ
اسلام آباد(آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ’گونیازی گو‘ کے نعروں سے گونجتے ملک میں دن کی روشنی میں عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما خورشید شاہ نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان رات کو چھپ کر تقریریں کررہے ہیں، عمران خان گو نیازی گو کے نعروں سے گونجتے ملک میں دن کی روشنی میں عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے، عمران خان کی منافقت کی انتہا ہے کہ وہ بسم اللہ پڑھ کر جھوٹ بولتے ہیں، کیا صرف اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں کرکے اب نیب پی ٹی آئی کے منشور کی تکمیل کرے گی، کیا اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں ہی ریاست مدینہ کے قیام کا طریقہ ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ 60 برسوں میں اتنی تیزی سے قرضہ نہیں لیا گیا جتنا پی ٹی آئی نے 10 ماہ میں لیا، اگر عمران خان کرپشن کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو علیمہ خان، جہانگیر ترین، پرویز خٹک کی کرپشن کیوں نہیں بتاتے، دوسروں کے بچوں کے ملک سے باہر ہونے پہ تنقید کرنے والے عمران خان کے اپنے بچے کہاں پل رہے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے ابھی احتجاج کا عندیہ دیا ہے اور عمران خان کی چیخیں نکل گئیں، عمران خان نے قوم کو جتنا مقروض کیا، اس کا حساب دینا ہوگا۔بزدل بن کر اسٹوڈیو میں تقریر کرنا کوئی کمال نہیں ہے۔
خورشید شاہ