حکومت بغیر کسی مزاحمت کے آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں ہوچکی، سراج الحق

  حکومت بغیر کسی مزاحمت کے آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں ہوچکی، سراج الحق

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 16 جون سے مہنگائی،بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف تحریک چلائے گی۔آئی ایم ایف کے مسلط کردہ ایجنڈے پر کاربند حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے۔حکومت بغیر کسی مزاحمت کے آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں ہوچکی ہے۔حکمرانوں کی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو دیکھا اور پرکھا ہے۔کوئی جماعت ملک و قوم کے مسائل حل نہیں کرسکی۔پی ٹی آئی کی 10ماہ کی مایوس کن کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ اس سے کسی بہتری کی امید لگانا اور کسی خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم،نائب امراء لیاقت بلوچ،میاں محمد اسلم،راشد نسیم،اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹرفریداحمد پراچہ،عبدالغفار عزیز،ڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی اور ڈپٹی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن اور قرضوں کے حسابات اپنے ارد گرد بیٹھے ان مشیروں سے لیں جو ماضی کے حکمرانوں کے ساتھ قرضے لینے میں پیش پیش رہے ہیں۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر