حمزہ شہباز 14ٍروزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے، کمرہ عدالت میں طبیعت ناساز

حمزہ شہباز 14ٍروزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے، کمرہ عدالت میں طبیعت ناساز

ٍ لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کوآمدنی سے زائد اثاثہ جات،رمضان شوگرملزاورمنی لانڈرنگ کیس میں 14روز ہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،عدالت نے 26جون کو دوبارہ حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیاہے۔کیس کی سماعت سے قبل عدالت کے باہر رش زیادہ ہونے کی وجہ سے سائلین میں دھکم پیل سے پہلی منزل سے جالیاں گراؤ نڈ فلور پر گرگئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوران سماعت حمزہ شہباز طبیعت خراب ہونے پرکمرہ عدالت میں بیٹھ گئے،عدالت کو بتایا گیا کہ حمزہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے وہ کھڑے نہیں ہو سکتے،عدالتی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ احتساب عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نیب کی پراسیکیوشن ٹیم سمیت نیب کے تفتیشی افسر عامر جاوید اور محمد حماد کمرہ عدالت میں پیش ہوئے،فاضل جج نے نیب کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کو کس جرم میں گرفتار کیا گیاہے؟جس پر نیب کے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیاگیاہے۔مشکوک ٹرانزیکشن کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی تحقیقات کیلئے حمزہ شہباز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے،حمزہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ملک نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کو جن الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے وہ شواہد نہیں دیئے گئے،حمزہ شہباز ایک متمول گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور دادا کا کاروبار سنبھالتے رہے،حمزہ شہباز نے تمام اثاثے ظاہرکئے ہیں،حمزہ شہبازکے جسمانی ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں،عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو26جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،جس کے بعد نیب لاہور کی ٹیم حمزہ شہباز کو لے کر عدالت سے روانہ ہو گئی،حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،سٹرکوں کو بیئررز لگاکر بند کردیا گیا تھا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،پیشی پر آنے والے لیگی کارکنوں کی جانب سے عدالت جانے کیلئے اصرارپر پولیس اوروکلاء کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، دھکم پیل کے باعث خاتون لیگی راہنما ایم پی اے رخسانہ کوثر زمین پر گر گئیں۔

حمزہ شہباز/ریمانڈ

مزید : صفحہ اول