دہشتگردی کا خطرہ، قبائلی اضلاع کے الیکشن 18روز کیلئے مؤخر، پولنگ 20جولائی کو ہو گی: چیف الیکشن کمشنر

دہشتگردی کا خطرہ، قبائلی اضلاع کے الیکشن 18روز کیلئے مؤخر، پولنگ 20جولائی کو ...

اسلام آباد (این این آئی)سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں پر انتخابات 18 روز کیلئے موخر کردئیے، انتخابات اب 2 جولائی کی بجائے 20 جولائی کو ہوں گے۔ بدھ کو قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں پر انتخاب ملتوی کرنے کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا۔خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو قبائلی اضلاع میں انتخابات 20 دن تک ملتوی کرنے کی درخواست پر ہونیوالے اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکریٹری الیکشن کمیشن سمیت خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، حکام وزارت داخلہ اور صوبائی الیکشن کمشنر، سیکریٹری وزارت داخلہ اعظم خان، بریگیڈیئر کاشف، کرنل وسیم، لیفٹیننٹ کرنل ریحان بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ متعلقہ حکام نے قبائلی اضلاع میں ہونے والی دہشت گردی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے باہمی مشاورت سے قبائلی اضلاع میں انتخابات ملتوی کر دئیے، اب قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر انتخابات 2 جولائی کی بجائے 20 جولائی کو ہونگے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے  صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی اداروں کی بریفنگ پر الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی گئی،سیکورٹی اداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 18 دنوں میں حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی آخری دنوں میں کریں گے۔بابر یعقوب نے بتایا کہ امن و امان کی صورتحال پر سیکورٹی اداروں نے تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ امیدواروں اور سیاسی شخصیات پر حملوں کے خدشات ہیں۔

قبائلی اضلاع کا الیکشن ملتوی 

مزید : صفحہ اول