اپوزیشن رہنماؤں کو فرضی مقدمات میں پابند سلاسل کرنا احتساب نہیں انتقام: بلاول بھٹو

اپوزیشن رہنماؤں کو فرضی مقدمات میں پابند سلاسل کرنا احتساب نہیں انتقام: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو فرضی اور جعلی مقدمات میں جیلوں میں ڈالنا احتساب نہیں انتقام ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہاکہ میرے ترجمان اور سینیٹ انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے خفیہ ایف آئی آر کا اندراج اور اسے چھپانا قابل مذمت ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کس قانون کے تحت سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کے خلاف درج ایف آئی آر سیل کی گئی اور سامنے نہیں لائی جارہی،اس قسم کے ہتھکنڈے صرف آمرانہ دور میں استعمال کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ انصاف کا تقاضا ہے کہ ہر شخص کو اس پر لگائے گئے الزامات سے فوری آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ ہمیشہ عدلیہ اور قانون کی بالادستی کی بات کی، حکومت کی جانب سے قانون کی دھجیاں بکھیرنے پر عدلیہ نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے کسی دباؤ میں آنے والے نہیں ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سو یلین جمہوری قیادت گرفتار ہے جبکہ کالعدم تنظیمیں،گڈ طالبان اوردہشت گردوں کے سہولت کار وزیر دندناتے پھررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مسلسل دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو پناہ دئیے ہوئے ہے۔ایک دوسرے ٹویٹ میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ بزدل وزیراعظم میری ایک تقریر بھی برداشت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ ایوان میں پارلیمانی لیڈرز کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، بجٹ سیشن میں شرکت سے روکنے کیلئے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر سے انکار ایک نئی پستی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو مستعفی ہوجاناچاہئے۔علاوہ ازیں سندھ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے دوران بلاول بھٹونے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ سپیکر کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے بجٹ کا معاملہ بھی بھرپور طریقے سے اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کی اجلاس میں شرکت کرنا آئینی حق ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے ہدایت کی کہ سپیکر سے معاملہ اٹھا کر رولز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں سپیکر سے ملاقات کریگا۔ذرائع کے مطابق وفد سپیکر کو آصف زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست بھی کریگا۔بعدازاں  بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی،جس میں وفد نے بلاول بھٹوکو علاقے کی سیاسی صورت حال سے آگاہی کیساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے لائحہ عمل سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے بلاول بھٹو زرداری کو دورے کی دعوت دی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلتستان دورے کی دعوت کو قبول کرلیا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنماؤں کی دعوت پر اگست میں بلتستان کا دورہ کریں گے۔
 بلاول بھٹو 

مزید :

صفحہ اول -