گڈز ٹرانسپورٹ معاشی خوشحالی کا ناگزیرپہیہ ہے، گورنر سندھ

گڈز ٹرانسپورٹ معاشی خوشحالی کا ناگزیرپہیہ ہے، گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی مختلف ایسوسی ایشنز کا گورنر ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس مال بردار گاڑیوں کی ایکسل لوڈ کی حد مقرر کرنے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کے تحفظات سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے بلایاگیا۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی، ڈی جی نیشنل ہائی وے اتھارٹی رضوان اشرف، آئی جی موٹر وے پولیس اے ڈی خواجہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں 10 اور 22 وہیلرز کی ایکسل لوڈ کی حد مقرر پر مختلف نمائندہ تنظیموں کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے۔ اجلاس میں جاری صورتحال، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، نقل و حمل کے لئے ہر ممکن سہولیات،گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام نمائندہ تنظیموں کے ممبران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، مزکورہ کمیٹی سات دن کے اندر تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کا جائزہ اور اس کا حل پیش کرے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ معاشی خوشحالی کا ناگزیر پہیہ ہے جس کے چلنے سے معاشی خوشحالی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو تا ہے،حکومت گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل کے لئے موئثر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا ویژن ہے کہ کاروبار کو وسعت دینے کے لئے کاروباری حضرات کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسی کے باعث ہر شعبہ میں مثبت تبدیلی دیکھی جارہی ہے، معاشی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس ضمن میں ٹرانسپورٹ کی ضرورت بھی مزید بڑھ گئی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -