میں ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والا نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں ،نوازشریف
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، عمران خان بے انتظامی اور نااہلی چھپانے کو سابق حکومت پر الزام لگارہے ہیں،میں ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والا نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے جیل میں ملاقات کرنے والے لیگی رہنماﺅں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امپائر کی انگلی کی بات کرنے والے عمران خان کو شرم آنی چاہیے، عمران خان کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے ،عمران خان ایسا کھلاڑی ہے جسے تماشائی جلد سٹیڈیم سے باہر پھینک دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی خود اندر جانےوالا ہوتا تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے، موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے، عمران خان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے،عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں، عمران خان اور علیمہ خان کا جلد کڑا احتساب ہوگا،نوازشریف نے کہا کہ ہم عوامی مینڈیٹ سے آئے یہ عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے،ہمارے دور میں ڈالر کنٹرول میں رہا غیر ملکی ذخائر بڑھے، تیل کی قیمت کم ہوئی،ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5اعشاریہ 8فیصد تک پہنچ چکی تھی،۔
نوازشریف نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیا تھا یہ ان کے سامنے جھک رہے ہیں، مسلم لیگ ن نے بھرے ہوئے خزانے چھوڑے، موٹروے بنائے، ہم نے دہشت گردی اور مہنگائی کم کی ملک میں بجلی بجلی کردی،سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے خود کشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاو¿ں گا،عمران خان نے خود کشی تو نہیں کی مگر قوم کو خود کشی پر مجبور کردیا،انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں ترقی کی شرح 4 فیصد بھی نہیں رہی،عمران خان سلیکٹڈ وزیر اعظم نہ ہوتے توآج ملک کی حالت بہتر ہوتی،نوازشریف نے کہا کہ ہمارے دور میں ضروریات زندگی کی ہر چیز سستی تھی، آج عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں،عمران خان نے دس ماہ میں قوم کو مایوس کردیا، سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں بھارتی وزیر اعظم خود چل کر پاکستان آئے، بھارتی وزیر اعظم کو کسی نے حلف برداری میں بھی نہیں بلایا، ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا کو پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔