نوازشریف سے جیل میں ایسی شخصیت ملنے پہنچ گئی کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا ، بڑا دعویٰ سامنے آ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )نجی ٹی وی ” جی این این “ نے دعویٰ کیاہے کہ معروف کاروباری شخصیت میاں منشا نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف سے شہبازشریف ، مریم نواز ، پرویز رشید اور مریم اورنگزیب سمیت کئی لیگی رہنما ملاقات کیلئے جیل پہنچ گئے ہیں تاہم نجی ٹی وی جی این این نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ معروف کاروباری شخصیت میاں منشا نے کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے علیحدگی میں ملاقات کی ہے جو کہ تقریبا دس منٹ تک جاری رہی جس دوران نیب کیسز سے متعلق مشاورت بھی کی گئی ہے ۔ نجی ٹی وی کا کہناہے کہ نوازشریف کیلئے میاں منشا خصوصی پیغام لے کر پہنچے ہیں ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ میاں منشا نشاط ملز اور ایم سی بی بینک کے مالک ہیں اور کاروباری حلقے میں بڑے ناموں میں سے ایک نام ہیں ۔یاد رہے کہ اس سے قبل نوازشریف نے جیل میں لیگی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، عمران خان بے انتظامی اور نااہلی چھپانے کو سابق حکومت پر الزام لگارہے ہیں،میں ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والا نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امپائر کی انگلی کی بات کرنے والے عمران خان کو شرم آنی چاہیے، عمران خان کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے ،عمران خان ایسا کھلاڑی ہے جسے تماشائی جلد سٹیڈیم سے باہر پھینک دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی خود اندر جانےوالا ہوتا تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے، موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے، عمران خان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے،عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں، عمران خان اور علیمہ خان کا جلد کڑا احتساب ہوگا۔
نوازشریف نے کہا کہ ہم عوامی مینڈیٹ سے آئے یہ عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے،ہمارے دور میں ڈالر کنٹرول میں رہا غیر ملکی ذخائر بڑھے، تیل کی قیمت کم ہوئی،ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5اعشاریہ 8فیصد تک پہنچ چکی تھی،۔