کرکٹ رابطوں کی بحالی کیلئے بھارت کو پہل کرنا ہوگی: چیئرمین پی سی بی

کرکٹ رابطوں کی بحالی کیلئے بھارت کو پہل کرنا ہوگی: چیئرمین پی سی بی
کرکٹ رابطوں کی بحالی کیلئے بھارت کو پہل کرنا ہوگی: چیئرمین پی سی بی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، بھارت کے ساتھ کرکٹ رابطے بحال کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے بھارت کو پہل کرنا ہوگی، ورلڈ کپ کے اختتام تک کپتان، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو نہیں چھیڑا جائے گا۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور اس کیلئے 4 وینیوز شارٹ لسٹ کر لیے ہیں۔ پی ایس ایل 5 کے میچز لاہور ، ملتان، راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اسی سال بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کے لئے پرامید ہیں،کرکٹ آسٹریلیا اور انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہان بھی پاکستان آئیں گے اور پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایشاءکپ بھی پاکستان میں ہی ہوگا تاہم اگر کسی ٹیم کو اعتراض ہوا تو بھارت کی طرح متحدہ عرب امارات میں بھی ایونٹ کروانے کا آپشن موجود ہے، ہم بھارت کے ساتھ کرکٹ رابطے بحال کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو پہل کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4سال کے دوران کرکٹ بورڈ میں 210ملازمین رکھے گئے ہیں جو انتہائی حیران کن ہے، وہ کرکٹ بورڈ کو پروفیشنلز کے ہاتھو ںمیںدینا چاہتے ہیں اسی لیے ایم ڈی وسیم خان بھی تمام الاﺅنسز سے دستبردا رہوگئے ہیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ تبدیلی برائے تبدیلی کے قائل نہیں ہیں اسی لیے کپتان ، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو ورلڈ کپ کے اختتام تک نہیں چھیڑا جائے گا ،میگا ایونٹ کے اختتام پر ٹیم کی 3سالہ کاکردگی کا جائزہ لے کر کرکٹ بورڈ مستقبل کے بارے میں فیصلے کرے گا۔

مزید : کھیل