کورونا وباء، عالمی معیشت کے حجم میں 8فیصد کمی، 10کروڑ افراد انتہائی غریب ہونے کا خطر ہ: عالمی بینک

کورونا وباء، عالمی معیشت کے حجم میں 8فیصد کمی، 10کروڑ افراد انتہائی غریب ہونے ...

  

اسلام آباد (اے پی پی) عالمی بینک نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے رواں سال بین الاقوامی معیشت کے حجم میں 5 سے لیکر 8 فیصد تک کی کمی متوقع ہے، اسی طرح وبا کی وجہ سے دنیا بھرمیں 10 کروڑ افراد انتہائی غربت کا شکارہوسکتے ہیں۔ یہ بات عالمی بینک نے جون میں جاری جائزہ کی بنیاد پرکہی ہے، اس سے قبل عالمی بینک نے اپریل میں اسوقت کے اعدادوشمارکی بنیادپرعالمی معیشت کے حوالہ سے جائزہ جاری کیا تھا۔عالمی بینک کے نئے جائزہ میں بیس لائن اورڈاؤن سائیڈ منظرنامہ کے تناظر میں مستقبل کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بیس لائن منظرنامہ کے مطابق اگر وباء کی موجودہ صورتحال جاری رہی تو اس سال کے اواخرمیں معاشی بحالی کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے، بیس لائن کی بنیادپررواں سال عالمی معیشت کے حجم میں کمی کی شرح 5 فیصد تک متوقع ہے۔ ڈاؤن سائیڈ منظرنامہ کے تحت اگر وبا ء کا پھیلاؤ جاری رہا اوراس کے نتیجہ میں لاک ڈاون اوردیگر پابندیاں برقرا ر رہتی ہیں تو اس کے نتیجہ میں بحالی کا عمل تاخیر کا شکارہوجائیگا، اس صورتحال میں عالمی معیشت کا حجم 8 فیصد تک سکڑسکتا ہے۔عالمی بینک کے نئے جائزہ میں ان دواشاریوں کی بنیا د پرغربت کے حوالہ سے بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بیس لائن منظرنامہ کے تحت وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں انتہائی غربت میں جانیوالے افراد کی تعداد7 سے 10کروڑکے لگ بھگ ہو سکتی ہے۔ ڈاؤن سائیڈ منظرنامہ کی صورت میں انتہائی غربت میں جانیوالے افراد کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوزکرنے کا اندیشہ ہے، عالمی بینک نے 1.90 ڈالریومیہ آمدنی والے افراد کو انتہائی غربت کی کیٹیگری میں رکھا ہے۔ جائزہ کے مطابق سال 2021ء میں عالمی معیشت میں 4 فیصد اضافہ کا امکان ہے،تاہم آنیوالے سال میں غربت کی شرح میں کمی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔

عالمی بینک

مزید :

صفحہ اول -