حضرت امیر حمزہؓ غزوہ بدر کے ہیروہیں،اشرف آصف جلالی

حضرت امیر حمزہؓ غزوہ بدر کے ہیروہیں،اشرف آصف جلالی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ہربنس پورہ میں سید الشہداء حضرت امیر حمزہ ؓ اور دیگر شہداء احدؓکے سالانہ عرس مقدس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ناموس مصطفی ؐکا جانباز ہونا سیدنا امیر حمزہ ؓ کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔رسول پاک ؐ نے سب سے پہلے پرچم اسلام حضرت امیر حمزہؓ کے ہاتھ میں دیاتھا۔آپ غزوہِ بدر کے ہیرو اورغزوہِ احد میں سید الشہداء،افضل الشہداء اور خیر الشہداء کا لقب پانے والے ہیں۔آپ کو”اَسَدُ اللہ“اور”َاسَدُ الرسولؐ ہونے کا بھی شرف حاصل ہے۔غزوات میں آپکی دلیرانہ شرکت اورغزوہ احد میں آپکی شہادت نے یہ ثابت کردیا کہ فضیلت کے دوسرے کاموں کی طرح اسلام کیلئے قربانی دینے میں بھی خاندانِ رسول ؐسر فہرست ہے۔

حضرت امیر حمزہ ؓ کے اسلام قبول کرنے سے اسلام کو تقویت ملی۔آپکی چمکتی تلوار اور زور یلغار سے ہر طرف اسلام کی دھاگ بیٹھ گئی۔رسول اللہ ﷺ نے اپکی شہادت پر اپکو ”یا کاشِفَ الکُرُبات“یعنی اے مشکل کشا کے الفاظ سے یاد فرمایا۔شہداء احد رضی اللہ تعالی عنھم نے شجر اسلام کیلئے اہم مرحلے میں اپنا لہو پیش کیا۔آج بھی میدان احد میں شہداء احد کے مراقد امت مسلمہ کیلئے ایک اسرار و رموز،انوارو تجلیات اور رحمت وبرکات کی وادی ہے۔ موجودہ مادہ پرستی کے دور میں مسلمانوں کو دین کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ ان سے حاصل کرنا چاہیے۔تقریب میں مولانا محمد حذیفہ جلالی، مولانا محمد عثمان مظہری، مولانا محمد عاصم، مولاناسید محمد آصف گیلانی و دیگر نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -