بجٹ کی منظوری کیلئے اپوزیشن سے مفاہمت ہوچکی،شاہ محمود قریشی کا انکشاف

  بجٹ کی منظوری کیلئے اپوزیشن سے مفاہمت ہوچکی،شاہ محمود قریشی کا انکشاف

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی واتحادی جماعتوں کا پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا جس میں حکومتی اتحادی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے ارکان نے شرکت نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام حکومتی واتحادی ارکان کو بجٹ منظوری تک اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی۔ شاہ محمود نے کہا بجٹ کی منظوری کیلئے اپوزیشن سے سیاسی مفاہمت ہوچکی لیکن ان کی سیاسی حکمت عملی تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔اس دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کررہے تھے کہ آزمائشیں شروع ہوگئیں، پہلے کورونا اور پھر ٹڈی دل کا چیلنج سامنے آگیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ارکان نے وفاق کے جاری فنڈز صوبائی حکومت کی طرف سے روکنے پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وفاق کا ارکان کیلئے ترقیاتی فنڈ صوبائی حکومت روکنے کی مجاز نہیں۔بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی نے کہا فنڈز کو فوری بحال کیا جانا چاہیے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے بجٹ سے متعلق ارکان کو بریفنگ دی۔ ارکان نے استفسار کیا کہ زراعت کیلئے بجٹ میں کیا رکھا ہے؟ تو حفیظ شیخ نے کہا کہ زراعت کیلئے بجٹ میں 50 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ رکن اسمبلی اورنگزیب کچھی نے وزیراعظم سے ملاقات میں ناکامی کی شکایت کی اور کہا کہ ایک سال سے کوشش کرتا رہالیکن آپ سے ملاقات نہیں ہوسکی۔

انکشاف

مزید :

صفحہ اول -