ایپکانے وفاقی بجٹ مسترد کر دیا، آج سے ملک گیر احتجاج کا اعلان

  ایپکانے وفاقی بجٹ مسترد کر دیا، آج سے ملک گیر احتجاج کا اعلان

  

لاہور(خبر نگار)حکومت کی طرف سے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پنشن اورمزدورکی کم سے کم اجرت میں اضافہ نہ کر نے پر آل پاکستان کلرکس ایسوایشن نے آج سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کو نظرانداز کرنے کے حوالے سے آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی ارشاد نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پینشن میں اضافہ نہ کرکے سخت مایوس کیا ہے۔ اس سے ملک کے 40لاکھ سرکاری ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے 6ماہ قبل بیوروکر یسی کی مراعات میں 150فیصداضافہ کیا اورحکمرانوں نے سرکاری ملازمین کی جانب سے پیش کیے گئے چارٹرآف ڈیمانڈ میں وعدہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورمراعات میں 150فیصد اضافہ کیا جائے گا لیکن بجٹ میں حکومت نے آئی ایم ایف کے اشارے پر ملازمین کو مکمل طورپر نظر انداز کیا ہے جس پر حکومت کے اس اقدام کے خلاف آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جارہی ہے۔ جس میں پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤکیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایپکا کے مرکزی راہنمامحمد یونس بھٹی اورصوبائی راہنما چوہدری ابو ہریرہ نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر سرکاری ملازمین کو نظرانداز کیا ہے۔ اورمہنگائی کے اس دور میں ملازمین کی تنخواہوں اورپینشن میں اضافہ نہ کرکے لاکھوں ملازمین کے ساتھ سخت زیادتی کی ہے اورملازمین کی تنظیم ایپکا سے چارٹرآف ڈیمانڈ لینے کے باوجود وفاقی بجٹ میں ملازمین کے تنخواہوں میں 10سے 20فیصد اضافہ نہ کرکے سخت زیادتی کی ہے۔ ایپکا کے راہنمالالہ اسلم نے کہا ہے کہ حکومت نے اربوں روپے کے قرض حاصل کررکھے ہیں اورکورونا کے لئے بھی اربوں روپے کے فنڈز اکھٹے کیے گئے ہیں۔ لیکن غریب سرکاری ملازمین کو سال بھروعدے کرنے کے باوجود مایوس کرکے رکھ دیا گیا ہے آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی صدر روبینہ جمیل اورسیکرٹری جنرل خورشید احمد نے کہا ہے کہ بجٹ میں مزدورکی کم سے کم اجرت میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ پینشن میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہے جوکہ ایک مزدوردشمن ہونے کا ثبوت ہے مزدورراہنما اسامہ طارق،نیاز خان،انورگجراورالیاس خان نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں مزدور کو مایوس کیا ہے جس کے باعث مزدوروں نے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کو مایوس کیا گیا ہے جوکہ سراسرزیادتی ہے۔

ایپکا

مزید :

صفحہ آخر -