دورہ انگلینڈ، 29رکنی قومی سکواڈ کا اعلان: سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی

دورہ انگلینڈ، 29رکنی قومی سکواڈ کا اعلان: سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے دورہ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا سابق کپتان سرفراز احمد اور قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔دورہ انگلینڈ کے لیے طویل اور محدود، دونوں طرز کی کرکٹ کے نمایاں کھلاڑیوں پر مشتمل ایک وسیع اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر سہیل خان کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔حیدر علی، کاشف بھٹی اور سہیل خان کے ساتھ ساتھ حارث سہیل کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عمران خان اور فواد عالم کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔سلیکٹرز نے بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ٹور کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ ان چاروں ریزرو کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانگی سے قبل کسی بھی کھلاڑی کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔فاسٹ باؤلرز حسن علی، محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔29 کھلاڑیوں میں 4اوپنرز عابد علی، فخر زمان، شان مسعود اور امام الحق شامل ہیں جبکہ 9مڈل آرڈر بیٹسمین اظہر علی کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم، بابر اعظم،، اسد شفیق، فواد عالم، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ اور شعیب ملک شامل ہیں۔وکٹ کیپرز میں محمد رضوان اور سرفراز احمد شامل ہیں۔فاسٹ باؤلرز میں فہیم اشرف، حارث رؤف، عمران خان، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں۔اسپنرز میں یاسر شاہ، عماد وسیم، کاشف بھٹی اور شاداب خان شامل ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -