جے ایس بینک کے منافع میں نمایاں اضافہ
کراچی (پ ر) ترقی کی راہ پر گامزن جے ایس بینک نے 31 مارچ 2020ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران گزشتہ سال 54.7 ملین روپے کے مقابلہ میں رواں سال ایک ہزارفیصدسے زائدقبل از ٹیکس 628.5 ملین روپے کا منافع حاصل کرلیا ہے۔بینک کے منافع میں نمایاں اضافہ بنیادی طور پر مارک اپ اور کمیشن انکم، ایف سی وائی انکم اور سکیورٹیز کی فروخت پر گین کی بدولت ممکن ہوا۔ بینک کی فی شئیرقدر 31 مارچ 2020ء کو 13.9 روپے فی شئیر0.29 روپے کی آمدن کے ساتھ ہے۔ اس کے علاوہ رواں سہ ماہی کے دوران بینک کے ڈیپازٹس 379.25 ارب تک پہنچ گئے جبکہ ایڈوانسز لیول 235.1 ارب روپے پر رہے جو کہ جے ایس بینک کی ترقی اور اس کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی عرصہ کے دوران سرمایہ کاری 142.6 ارب سے بڑھ کر 28.5 فیصد اضافہ کے ساتھ 183.2 ارب تک جا پہنچی۔ جس طرح بینکاری کی صنعت کو کووڈ۔19 کے اقتصادی و مالی اثرات کے باعث بحرانوں اور چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جے ایس بینک اپنی کاروباری حکمت عملی کا ازسر نو جائزہ لے رہا ہے تاکہ بدلتی ہوئی حقیقتوں سے ان کو ہم آہنگ کیا جا سکے۔
ڈبلیو او ڈبلیو(WOW) کسٹمر تجربے پر زور دیتے ہوئے بینک خود کو ایک تیز رفتار،ڈیجیٹل فوکسڈ بینک میں تبدیل کر رہا ہے جس میں جدید مصنوعات اور خدمات کے ذریعے مارکیٹ کے طے شدہ اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز ہے۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے بینک مشترکہ اقدامات کے ذریعے کامیابی کے سفرپر گامزن ہے۔